اوہائیو میں ٹرک فیکٹری بند، 1400 کارکن بے روزگار، ٹرمپ ریلی سے قبل معاشی صورتحال پر بحث

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن کے قریب نیویسٹار کی ٹرک فیکٹری اچانک بند ہونے سے تقریباً 1400 کارکن بے روزگار ہوگئے، فیکٹری کی بندش نے مقامی سطح پر روزگار اور معاشی حالات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جنوب مغربی اوہائیو میں واقع ٹرک فیکٹری کی بندش سے متاثر ہونے والے کارکنوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ فیکٹری کی بندش ایسے وقت میں ہوئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسی علاقے میں انتخابی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔

رپورٹ میں ایک متاثرہ کارکن بوس کے حوالے سے بتایا گیا کہ مہنگائی کے باعث روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نمایاں طور پر بڑھ چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب گروسری اسٹور پر چند اشیا کی قیمت اتنی ہوجاتی ہے جتنی پہلے پوری ٹوکری کی ہوا کرتی تھی۔

بوس یونائیٹڈ آٹو ورکرز کے رکن ہیں اور خود کو سیاسی طور پر معتدل قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں ملک میں سیاسی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے اور حالات بد سے بدتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اے پی کے مطابق فیکٹری سے وابستہ تقریباً 1400 افراد کی ملازمتیں ختم ہونا ڈیٹن کے علاقے میں روزگار کے مواقع پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی محنت کش طبقے کے لیے آئندہ وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہی طبقہ گزشتہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی حمایت میں اہم کردار ادا کرچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیٹن کبھی صنعتی سرگرمیوں اور فیکٹریوں کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا تھا اور شہر کی تاریخ میں متعدد اہم ایجادات کا تعلق بھی اسی خطے سے رہا ہے، تاہم وقت کے ساتھ صنعتی ملازمتوں میں کمی نے مقامی معیشت کو متاثر کیا ہے۔

اے پی کے مطابق ٹرمپ کی واضح سیاسی گفتگو اور کاروباری پس منظر نے ماضی میں ڈیٹن کے اطراف کے ووٹروں میں انہیں حمایت دلانے میں کردار ادا کیا، تاہم موجودہ صورتحال میں مہنگائی، ایران کے ساتھ جنگ اور صدر کی جانب سے عام شہریوں کی معاشی مشکلات سے متعلق طرزِعمل بعض ووٹروں کے لیے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

متاثرہ کارکن بوس نے بتایا کہ انہوں نے ماضی میں ٹرمپ کو تین مرتبہ ووٹ دیا، تاہم اب وہ نومبر کے انتخابات سے قبل ڈیموکریٹس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ ہفتے کے روز اوہائیو کے اسی علاقے میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں، جبکہ فیکٹری کی بندش اور 1400 ملازمتوں کے خاتمے نے مقامی سطح پر معیشت، روزگار اور مہنگائی کو انتخابی بحث کا اہم موضوع بنا دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button