بلوچ عوام پاکستان سے جڑے ہیں، مٹھی بھر دہشت گرد ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا خصوصی دورہ کیا

لاہور (ویب ڈیسک): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے گہرے رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں، اور مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان و ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا خصوصی دورہ کیا، جہاں طلبہ و طالبات کی جانب سے ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاک افواج کی حکمت عملی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے میں کامیابی عوامی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھی، خاص طور پر نوجوانوں کا کردار انتہائی کلیدی رہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمن بلوچستان میں شرپسندی کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہاں کے عوام اپنی وابستگی اور وفاداری سے ان سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بھی دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے آپریشن بنیان المرصوص میں حاصل ہونے والی کامیابی پر پاک افواج کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور ایسے مزید انٹرایکٹو سیشنز کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی، تاکہ نوجوان نسل قومی سلامتی اور ملکی معاملات سے براہ راست آگاہی حاصل کر سکے۔

مزید خبریں

Back to top button