اسرائیلی انتخابات: ٹرمپ کی نیتن یاہو کی کھل کر حمایت، ووٹروں سے دوبارہ انتخاب کی اپیل

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ایک بار پھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت کرتے ہوئے ووٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں دوبارہ منتخب کریں تاکہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کو مکمل کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں گزشتہ ہفتے نیتن یاہو کی حمایت میں دیے گئے اپنے بیان کو دوبارہ شیئر کیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور دونوں نے مختلف فوجی کارروائیوں میں مشترکہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اپنے پیغام میں ٹرمپ نے وینزویلا کے خلاف امریکی آپریشن کو تاریخ کی کامیاب ترین فوجی کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل امریکا اور اسرائیل نے آپریشن ’مڈنائٹ ہیمر‘ کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا تھا۔

امریکی صدر نے آپریشن ’ایپک فیوری‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے بعد ایران کی بحری اور فضائی طاقت شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ ایرانی فوج اور معیشت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹرمپ نے ایران میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچنے، بحری محاصرے کے باعث تیل تک رسائی متاثر ہونے اور ایرانی فوجی و سول قیادت کی دو سطحوں کے خاتمے کے دعوے بھی کیے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔

امریکی صدر نے نیتن یاہو کو جنگی حالات سے نمٹنے کے لیے موزوں اور غیر معمولی وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایران اور اس کے اتحادی امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے لگاتے تھے، لیکن اب صورتِ حال تبدیل ہو چکی ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر ٹرمپ نے اسرائیلی ووٹروں سے براہِ راست اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کو وزیراعظم منتخب کیا جائے تاکہ دونوں رہنماؤں نے جو کام شروع کیا ہے، اسے مکمل کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران نیتن یاہو کے حق میں ٹرمپ کا یہ دوسرا عوامی حمایت کا بیان ہے، جو اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ کی اس حمایت کو اسرائیلی انتخابی مہم کے دوران ایک اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button