آزاد کشمیر کی صورتحال پر سب سے زیادہ ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد ہوتی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کا احترام کرتے ہیں، تاہم آزاد کشمیر میں حکومت پیپلزپارٹی کی ہے، اس لیے موجودہ صورتحال کی بنیادی ذمہ داری بھی اسی جماعت پر عائد ہوتی ہے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اگر مسائل اور کشیدہ حالات پیدا ہوئے ہیں تو حکومت کو اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف حکومت قائم کر لینا کافی نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی بھی ضروری ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے نزدیک پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے ناکام رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آزاد کشمیر بلانا دراصل پیپلزپارٹی کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے۔

خواجہ آصف نے مزید دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی خود آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کرانا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیان پر آج بھی قائم ہیں اور اگرچہ وہ احتراماً لاکھ مرتبہ معذرت کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ان کے خیال میں انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ افراد سے زیادہ ریاست اور اس کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی اہمیت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم سے تنگ آ کر کشمیری مہاجرین نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی سخت حالات کے باوجود پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان حقائق پر مبنی تھا، اس لیے معذرت کا مطالبہ بے جا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button