پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
وزارتِ خزانہ آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان 31 جولائی کی رات کو کرے گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک): یکم اگست سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 7 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 73 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 272.16 روپے سے کم ہو کر 263.08 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 283.35 روپے سے گھٹ کر 280.62 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی بہتری اس ممکنہ ریلیف کی اہم وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔
تاہم اس کمی کے برعکس، مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے کا اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 181.33 روپے سے بڑھ کر 184.88 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 167.76 روپے سے بڑھ کر 170.09 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
وزارتِ خزانہ آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان 31 جولائی کی رات کو کرے گی، جو یکم اگست سے نافذالعمل ہوں گی۔



