امریکا کی حمایت برطانیہ کو مہنگی پڑ سکتی ہے، ایران کی سخت وارننگ


تہران(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے برطانیہ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لندن نے ایران کے خلاف کسی بھی جنگی کارروائی میں امریکا کی حمایت کی تو برطانیہ خود بھی ایران کے جائز عسکری اہداف میں شامل ہو جائے گا۔
ترجمان پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال ہونے والے برطانوی فوجی اڈوں، تنصیبات یا دیگر عسکری مراکز کو ایرانی مسلح افواج کی جانب سے جائز فوجی ہدف تصور کیا جائے گا۔
یہ سخت بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ برطانیہ نے امریکا کو اپنے بعض فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی مسلح افواج قومی سلامتی اور برطانوی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔