پاک-امریکا تجارتی معاہدہ طے پا گیا، صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ٹرمپ کو تاریخی تجارتی معاہدے پر شکریہ

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک): پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ مکمل ہو گیا ہے اور اب دونوں ممالک توانائی کے شعبے، خاص طور پر تیل کی تنصیبات کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس وقت ایک آئل کمپنی کے انتخاب کا مرحلہ جاری ہے جو اس اشتراک کی قیادت کرے گی۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ مستقبل میں ممکن ہے پاکستان بھارت کو تیل برآمد کرتا ہوا نظر آئے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو نہ صرف براہِ راست سرمایہ کاری کو فروغ دے گا بلکہ خطے میں توانائی کے توازن پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانوں کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاک-امریکا تجارتی معاہدے کو خطے میں نئی معاشی صف بندی کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ٹرمپ کو تاریخی تجارتی معاہدے پر شکریہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکا کے ساتھ تاریخی تجارتی معاہدے کی تکمیل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں صدر ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ گزشتہ رات واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان کامیابی سے طے پایا، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرے گا، بلکہ مستقبل میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو نئی وسعت بھی دے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت دونوں ملکوں کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور تعاون کے نئے دروازے کھولے گی۔



