نوجوانوں کے روزگار کیلئے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، ہنرمندی کے فروغ اور ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہر ماہ منعقد ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے۔
انہوں نے پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع میں شامل کرنے کے لیے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہنرمند افرادی قوت کو ملکی اور عالمی کاروباری و صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں میں اصلاحات کی گئی ہیں۔ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت فراہم کی جارہی ہے جبکہ بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور مطلوبہ زبانوں میں مہارت کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار کے مواقع کی معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جارہی ہیں۔
تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز بھی قائم کیے جارہے ہیں، جہاں نوجوانوں کو کیریئر کاؤنسلنگ، روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایات پر کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک، شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



