یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑا آپریشن، 24 گھنٹوں میں 1,326 حملوں کا دعویٰ، 370 جنگجو ہلاک یا غیر مؤثر

صنعا(ویب ڈیسک) یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر 24 گھنٹوں کے دوران 1,326 حملے کیے گئے، جن میں تقریباً 370 جنگجو ہلاک یا غیر مؤثر ہوگئے، جبکہ درجنوں فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری تنصیبات کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ’آپریشن ڈان آف یمن‘ کے تحت حوثی باغیوں کے اجتماعات، فوجی گاڑیوں، قلعہ بند ٹھکانوں اور فائرنگ کی پوزیشنز کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں جنگی طیاروں اور ڈرونز نے بھی حصہ لیا۔

یمنی فوج کے بیان کے مطابق مارب کے مغرب میں مشرقی محاذ پر سرکاری فورسز نے پیش قدمی کی، جبکہ جنوبی اور مغربی محاذوں پر دباؤ بڑھا کر حوثیوں کی نقل و حرکت، کمک کی منتقلی اور فوجی صف بندی کی صلاحیت محدود کردی گئی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ تعز میں سرکاری فورسز اور عوامی مزاحمتی گروپ نے متعدد فوجی پوزیشنز پر قبضہ کرلیا، جہاں سے بھاری ہتھیار اور فوجی سازوسامان بھی تحویل میں لیا گیا۔

یمنی فوج کے مطابق تقریباً 370 جنگجوؤں کو ہلاک یا غیر مؤثر بنانے کے اعداد و شمار ابتدائی جائزے پر مبنی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام حملے تصدیق کے بعد فوجی اہداف پر کیے گئے اور شہریوں سمیت شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

تاہم، یمنی فوج کی جانب سے حملوں اور جانی نقصان سے متعلق کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

مزید خبریں

Back to top button