چین علاقائی ممالک کیساتھ مل کربحری تجارتی راستوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے کو تیارہے،شی جن پنگ

قاہرہ(جانوڈاٹ پی کے)چینی صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز مصر کے دورے کے دوران مشرق وسطیٰ کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بیرونی مداخلت کی مخالفت کریں اور خطے کے سکیورٹی نظام کی تشکیل نو پر غور کریں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ گزشتہ چار سالوں میں شی جن پنگ کا مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ ہے، یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں امریکی اتحادی اپنے اسٹریٹجک تعلقات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ مہینوں سے جاری تنازع نے خطے میں تجارت اور معیشت کو متاثر کیا ہے۔
مصر جو خود امریکا کا ایک بڑا دفاعی شراکت دار ہے اور واشنگٹن سے سالانہ تقریباً 1.3 ارب ڈالر کی فوجی امداد وصول کرتا ہے، حالیہ برسوں میں چین کے ساتھ اپنے اقتصادی اور فوجی تعاون میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے چینی صدر کا استقبال کیا جہاں شی جن پنگ نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی تقدیر کا مالک خود ہونا چاہیے اور انہیں ایک نئے علاقائی سکیورٹی ڈھانچے کی تشکیل پر کام کرنا چاہیے۔
صدر شی جن پنگ نے یہ بھی کہا کہ چین بحری تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔



