ورلڈ فٹبال ڈے پر پی ایف ایف الیون کی شاندار فتح، اقوام متحدہ الیون کو 1-3 سے شکست

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان فٹ بال فیڈریشن الیون نے ورلڈ فٹبال ڈے کے موقع پر کھیلے گئے نمائشی میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اقوام متحدہ الیون کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔
میچ جناح اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کھیل کے ذریعے امن، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا گیا۔ تقریب میں اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی، قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو، اور سابق قومی کپتان عیسی خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے شاہزیب نے دو جبکہ عیسیٰ خان نے ایک گول اسکور کیا، جبکہ یو این الیون کی طرف سے واحد گول ننو گبسن نے کیا۔
اس موقع پر محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اقوام متحدہ کھیل کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے اس کھیل کو ملک کے ہر کونے تک پہنچایا جائے گا۔



