تنخواہوں میں 50 فیصد کٹوتی کے خلاف پبلک ہیلتھ ملازمین کا احتجاج، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

میرپورخاص(شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین نے تنخواہوں میں مبینہ 50 فیصد کٹوتی کے خلاف میرپورخاص پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کی قیادت قاسم کوری، عبدالصمد بگھیو، یار محمد اور رضوان علی آرائیں نے کی، جبکہ ضلع میرپورخاص کے مختلف تعلقوں، جن میں کوٹ غلام محمد، شجاع آباد اور دیگر علاقوں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی ملازمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی برسوں سے پبلک ہیلتھ کے مختلف منصوبوں میں ڈیلی ویجز بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں ان کی تنخواہوں سے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے 50 فیصد تک کٹوتی کر دی گئی ہے۔
مظاہرین کے مطابق ان کی ماہانہ تنخواہ 30 سے 35 ہزار روپے ہے، جس میں سے 15 سے 16 ہزار روپے تک کم کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ان کے گھریلو اخراجات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور کئی خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں بچوں کی تعلیم، راشن اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنا پہلے ہی مشکل تھا، جبکہ تنخواہوں میں کٹوتی نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی اخراجات میں کمی مقصود ہے تو بڑے افسران کی مراعات اور تنخواہوں کا جائزہ لیا جائے، غریب مزدوروں کی محدود آمدن میں کمی ناانصافی کے مترادف ہے۔
احتجاجی شرکاء نے وزیراعلیٰ سندھ، سیکریٹری پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، تنخواہوں سے کی گئی کٹوتی واپس کرائی جائے اور ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔



