بدین: انڈس ہسپتال میں خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے قانون سے متعلق معلوماتی سیمینار کا انعقاد

بدین (مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے) صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل آفس کی جانب سے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک بدین کیمپس میں "کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ (ایکٹ IV آف 2010)” کے موضوع پر ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کا بنیادی مقصد طبی، نرسنگ، انتظامی اور معاون عملے کو قانونی تحفظ، ملازمین کے حقوق اور ایک محفوظ و مساوی پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی سے متعلق آگاہ کرنا تھا۔

سیمینار کے کلیدی مقرر، کنسلٹنٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلیم رضا بلوچ نے ایکٹ IV آف 2010 کے قانونی ڈھانچے اور اہم دفعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ "خاموشی توڑنا ہراسانی کے خاتمے کی جانب پہلا اور سب سے اہم قدم ہے۔” انہوں نے شرکاء کو ادارہ جاتی انکوائری کمیٹیوں اور صوبائی محتسب کے پاس شکایت درج کرانے کے باقاعدہ طریقۂ کار سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قانون شکایت کنندہ کی شناخت کو مکمل خفیہ رکھنے اور اسے کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی سے تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔

سیمینار میں ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر سکندر علی میمن، ڈاکٹر نعیمہ عرفان، ڈاکٹر حرمت سیف سمیت ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف اور انتظامی عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے صوبائی محتسب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ہسپتال میں ہراسانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ خواتین طبی عملے کو ایک محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی ایک نشست بھی منعقد ہوئی جس میں شرکاء کے شکوک و شبہات کا قانونی حل پیش کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button