ملک بھر میں موسم کا نیا الرٹ، کہاں بارش ہوگی اور کہاں گرمی ستائے گی؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں کے موسم سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بعض علاقوں میں بارش جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا موسم گرم اور خشک رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 جبکہ کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شدید گرمی برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے شام کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کل سے اسلام آباد میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں مطلع ابر آلود ہے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن بھر جزوی ابر آلود موسم اور مرطوب فضا برقرار رہے گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے جبکہ مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ تاہم آئندہ ہفتے شہر میں تیز بارش کے امکانات ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button