این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادارے کا کہنا تھا کہ موجودہ موسمی صورتِ حال این ای او سی کی جانب سے تین سے چار ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

 اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اِسی طرح خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) کے خطرے سے متعلق خصوصی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا خدشہ موجود ہے۔

اُدھر بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی کے بعض علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں، خصوصاً سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button