بدین میں آبپاشی نظام بہتر بنانے کے اقدامات جاری، پانی کی قلت جلد ختم ہوگی،ارباب امیر امان اللہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ضلع بدین میں پانی کی قلت جلد ختم ہوجائے گی، ٹیل اینڈ علاقوں تک پانی پہنچانے کا مؤثر نظام بنایا جا رہا ہے، ارباب امیر امان اللہ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ارباب امیر امان اللہ نے کہا ہے کہ ضلع بدین میں آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے اور ٹیل اینڈ کے علاقوں تک پانی کی منصفانہ فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی پانی کی قلت پر قابو پالیا جائے گا پریس کلب پنگریومیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سسٹم میں مجموعی طور پر پانی کی کمی کے باعث ضلع کے آخری سروں (ٹیل اینڈ) پر واقع علاقوں سے پانی کی قلت کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جن کے فوری ازالے کے لیے سندھ آبپاشی ادارے (سیڈا) کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی اجلاس کیا گیا۔ اجلاس میں پھلیلی اور اکرم کینال کے ٹیل اینڈ علاقوں تک پانی کی مؤثر فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور متعلقہ حکام اس نظام پر تیزی سے کام کر رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو بروقت آبپاشی کا پانی فراہم کیا جاسکے اور زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ ارباب امیر امان اللہ نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہے، جن کا مقصد مصنوعی قلت کا خاتمہ، بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام اور عوام کو مناسب نرخوں پر گندم کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنگریو۔جھڈو روڈ کے خیرپور گمبو تا جھڈو حصے کی تعمیر کی منظوری دی جاچکی ہے، جس پر جلد عملی کام شروع ہوگا، جبکہ پنگریو۔نوکوٹ روڈ کی تعمیر بھی آئندہ مرحلے میں شروع کی جائے گی۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور زرعی پیداوار کی نقل و حمل بھی آسان ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی سیاست کا محور احتجاج ہے اور وہ اپنی سیاسی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل احتجاج کرتی رہتی ہے، تاہم عوام مسائل کے عملی حل پر یقین رکھتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے دریائے سندھ کے پانی کے حوالے سے اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے ارباب امیر امان اللہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی پر کسی بھی قسم کی ڈاکہ زنی یا ناجائز قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سندھ کی زندگی، زراعت اور معیشت کی بنیاد ہے، اس کے پانی کے تحفظ کے لیے سندھ کے عوام ہر سطح پر متحد ہیں اور اپنے حق کے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button