1نہیں،دونہیں پورے4مہینے کا بل!واسا کا نیا کارنامہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا شہریوں پر نیا بوجھ، ایک، دو نہیں اکھٹے چار ماہ کا بل شہریوں کو تھما دیاہے۔ابتداء میں شہریوں کی جانب سے ٹھیک معلومات نہ ملنے کی وجہ سے بل پہنچانے میں دشواری کا سامنا رہا، ترجمان

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہریوں پر صفائی بلوں کا نیا بوجھ ڈال دیا گیا، جہاں شہریوں کو ایک ساتھ چار ماہ کے صفائی بل تھما دیے گئے ہیں، جبکہ بلوں میں 3ماہ کا عدم ادائیگی جرمانہ بھی شامل ہونے پر شہریوں کی شکایات سامنے آنے لگیں۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کسی بھی اہلکار نے صفائی بل فراہم نہیں کیا، تاہم رواں ماہ اچانک چار ماہ کے بل ایک ساتھ بھجوا دیے گئے۔ شہریوں کے مطابق بیک وقت ساڑھے سات ہزار روپے سے زائد کے بل موصول ہونے سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر بل بروقت تقسیم کیے جاتے تو ایک ساتھ اتنی بڑی رقم ادا کرنے کی نوبت نہ آتی۔

دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ ٹیمیں سروے مکمل ہونے کے بعد مرحلہ وار صفائی بل شہریوں تک پہنچا رہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی درست معلومات دستیاب نہ ہونے کے باعث بلوں کی ترسیل میں مشکلات پیش آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button