اپوزیشن نے 9 مئی سے کچھ نہیں سیکھا، نو مئی کے ملزمان سیاسی قیدی نہیں قانون شکن ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے 9 مئی کے واقعات سے ابھی تک کوئی سبق نہیں سیکھا، ان کی سیاست بغاوت سے شروع ہو کر ہتھیاروں کی باتوں پر ختم ہوتی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد سیاسی قیدی نہیں بلکہ قانون شکن ہیں، پوری دنیا نے ان واقعات کو ایک منظم بغاوت کے طور پر دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایوان کے اندر اور باہر اشتعال انگیز زبان استعمال کرتی ہے، گولیوں اور سر کاٹنے جیسے بیانات دیے جاتے ہیں، تاہم حکومتی ارکان ایسی طرز سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔
عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر ثبوت کے کرپشن کے الزامات عائد کرتی ہے، لیکن جب شواہد طلب کیے جائیں تو کوئی جواب نہیں دیا جاتا، سوشل میڈیا کی باتوں کو اسمبلی میں دہرایا جاتا ہے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ حکومت نے عوام کو فری ٹرانسپورٹ کی مد میں 80 کروڑ روپے سے زائد سبسڈی فراہم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں مزید 1100 نئی بسیں پنجاب پہنچیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خانیوال اور لیہ میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کی جا رہی ہے، جبکہ ہزاروں طالبات کو بائیکس فراہم کی گئی ہیں اور جنوبی پنجاب کے 33 ہزار طلبہ کو سکالرشپس دی جا چکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسانوں کو قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال ممکن ہو سکے، جبکہ غذائی قلت سے نمٹنے کیلئے سکول میل پروگرام پر 13 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں بڑی تعداد میں گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور مستحق افراد کو جانچ پڑتال کے بعد رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول اپوزیشن کو عوامی فلاح کے یہ منصوبے نظر نہیں آتے جبکہ پنجاب کے عوام ان سے براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔



