جنوبی ایران دھماکوں سے گونج اٹھا، بندر عباس، بوشہر اور جاسک سمیت مختلف علاقوں میں حملوں کی اطلاعات


تہران (ویب ڈیسک) جنوبی ایران کے مختلف ساحلی شہروں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ کئی مقامات متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق بندرگاہی شہر بندر عباس اور سیریک میں تین، تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ساحلی شہر چابہار میں بھی دو دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صوبہ بوشہر میں مبینہ امریکی حملوں کے دوران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مختلف علاقوں میں کم از کم 12 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی ذرائع کے مطابق بندر دیر میں پانچ، عسلویہ میں چار اور شہر بوشہر میں تین دھماکوں کی اطلاع ملی ہے۔ بوشہر کے ریشے علاقے میں واقع فوجی بیرک کو نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ کنگان شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق جنوبی صوبہ ہرمزگان کے بندرگاہی شہر جاسک میں 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جو مختلف علاقوں میں محسوس کی گئیں۔