ایران پر آج رات ہونے والے حملے مضبوط اور واضح ہوں گے،امریکی وزیر جنگ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ آج رات ایران پر بڑا حملہ کرے گا جس میں اہم تنصیبات پر بمباری کی جائے گی۔

اپنے بیان میں امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران پر آج رات ہونے والے حملے سخت اور واضح ہوں گے‏، گزشتہ روز بھی ایران پر طاقتور حملے کیے گئے، ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول امریکہ کے پاس رہے گا، گزشتہ روز ایران کے زیادہ تر میزائل اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکے، آج رات کے حملے امریکی فوج مفادات کو آگے بڑھائیں گے اور سفارتی پوزیشن کو بہتر بنائیں گے، اپاچی پائلٹ اچھی حالت میں ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ فوجی ذرائع کے مطابق اگر امریکا نے کوئی کارروائی کی تو ایران نئے امریکی مفادات کو نشانہ بنائے گا۔ ایرانی خبرایجنسی کے مطابق امریکا نے کوئی جارحانہ اقدام کیا تو اسے ایک بار پھر سخت جوابی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے کل بھی ایران پر شدید حملے کیے تھے اور آج بھی کریں گے۔

امریکہ کی جانب سے ایران پر مزید حملوں سے متعلق بیانات کے بعد ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شکست خوردہ لوگوں کے ساتھ لڑنے سے نہیں ڈرتے۔

ابراہیم عزیزی نے زور دے کر کہا کہ اگر اس بار جنگ ہوئی تو یہ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی، امریکی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button