ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے، اسماعیل بقائی

تہران (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی جانب سے ایران اور امریکا سے فوجی حملے روکنے کی اپیل کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی ملک پر بلاجواز حملہ نہیں کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر موجود امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف ایرانی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت حقِ دفاع کے استعمال کے زمرے میں آتی ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ان ممالک سے سوال کیا جانا چاہیے جو اپنی سرزمین اور فوجی اڈے امریکا کو فراہم کرتے ہیں، جبکہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ بنانے کے بجائے ایران کو اپنے دفاع پر تنقید کا نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ ہے۔

ایرانی ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک کے بیان میں "خلیجی خطے” کے الفاظ استعمال کرنے پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری دستاویزات کے مطابق درست نام "خلیج فارس” ہے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ ہدایات پر عمل کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے ایران اور امریکا سے حالیہ کشیدگی ختم کرنے، حملے روکنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی حملوں، آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں اور خطے میں امریکی اتحادیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا ذکر کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button