متحدہ عرب امارات کا ایران سے ہر قسم کی تجارت معطل کرنے کا اعلان

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ ہر قسم کی تجارت، کاروباری اور مالی معاملات تاحکم ثانی معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تمام تجارتی، کاروباری اور مالی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی سمت دو بیلسٹک میزائل داغے گئے۔
اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایک میزائل متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود کے اندر جبکہ دوسرا سمندری حدود سے باہر جا کر گرا۔
وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



