ترکیہ کے صوبہ ملاتیا میں 5.0 شدت کا زلزلہ، متعدد علاقوں میں جھٹکے محسوس

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں آج صبح 5.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 20 منٹ پر آیا، جبکہ اس کا مرکز ضلع بطلغازی تھا۔
آفاد نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 15.59 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کے جھٹکے الازیغ، آدی یامان، تونج ایلی اور شانلی عرفہ سمیت قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
ادارے کے مطابق ابتدائی جائزے میں زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
ترکیہ کے وزیرِ ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کورم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوسیال (NSosyal) پر جاری بیان میں کہا کہ بطلغازی میں آنے والے زلزلے کے بعد اب تک کسی منفی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی، تاہم موصول ہونے والی تمام اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



