یو اے ای میں ادویات لے جانے کے سخت قوانین، مسافروں کو وارننگ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ادویات لے جانے کے حوالے سے انتہائی سخت قوانین لاگو ہیں خلاف ورزی کرنے والوں کو کڑی سزاؤں اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے متحدہ عرب امارات جانے والے شہریوں کو ادویات سے متعلق سخت قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے، ذاتی استعمال کے لیے ادویات لے جانے کے لیے درج ذیل اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔

بیورو کی آگاہی مہم میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مسافر صرف اپنی ضرورت کے مطابق محدود مقدار میں ادویات ساتھ رکھیں اور زائد مقدار لے جانے سے گریز کریں۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ نشہ آور اشیا اور ممنوعہ ادویات متحدہ عرب امارات میں سختی سے ممنوع ہیں، جبکہ بعض ایسی ادویات بھی پابندی کے زمرے میں آتی ہیں جن میں کوڈین یا دیگر نشہ آور اجزاء شامل ہوں۔

حکام کے مطابق بغیر سرکاری اور غیر مستند نسخے کے ادویات اپنے ساتھ لے کر جانا غیر قانونی تصور کیا جا سکتا ہے، اس لیے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈاکٹر کا باقاعدہ تصدیق شدہ نسخہ ہمراہ رکھیں۔

آگاہی پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے، بعض معاملات میں جرمانے کی رقم 20 ہزار درہم سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل متحدہ عرب امارات کے ادویات سے متعلق تمام قواعد و ضوابط سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ کسی بھی قانونی مشکل سے بچا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button