بھارت میں ٹکٹ چیکنگ کے دوران بھگدڑ، جرمانے اور گرفتاری کے خوف سے مسافروں نے چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگا دیں

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست اتر پردیش کے علاقے بارہ بنکی میں ٹکٹ چیکنگ کے دوران اس وقت افراتفری مچ گئی جب بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے متعدد مسافر گرفتاری اور جرمانے کے خوف سے چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگانے لگے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایودھیا سے لکھنؤ جانے والی ٹرین میں پیش آیا۔ ٹرین رسولی اسٹیشن پر کچھ دیر رکنے کے بعد روانہ ہوئی تو ٹکٹ چیکنگ ٹیم پولیس اہلکاروں کے ہمراہ اس میں سوار ہوگئی اور مسافروں کے ٹکٹ چیک کرنا شروع کر دیے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس اور ٹکٹ چیکنگ ٹیم کو دیکھ کر بعض مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کارروائی سے بچنے کے لیے چلتی ٹرین سے باہر کودنے لگے۔ چھلانگ لگانے والوں میں خواتین مسافر بھی شامل تھیں۔
واقعے کے دوران کچھ مسافروں نے خود کو ٹرین کے واش رومز میں بند کر لیا، تاہم چیکنگ ٹیم نے وہاں چھپے افراد کو باہر نکالا اور ان سے جرمانے وصول کیے۔
ریلوے حکام کے مطابق مختلف ٹرینوں میں خصوصی ٹکٹ چیکنگ مہم چلائی گئی۔ تقریباً 5 سے 6 ٹرینوں میں کارروائی کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مجموعی طور پر 371 مسافروں کو پکڑا گیا، جن سے لاکھوں روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کا یہ واقعہ مسافروں کی جان کو لاحق خطرات کی نشاندہی کرتا ہے، کیونکہ ایسی حرکت سنگین چوٹ یا جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔



