انسداد پولیو مہم کے دوران مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے، ڈی سی ٹھٹھہ سرمد علی بھاگٹ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن\جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی، فیلڈ میں درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ افسران، محکمہ صحت کے نمائندگان اور پولیو مہم سے وابستہ ٹیموں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے فیلڈ میں پیش آنے والے مختلف انتظامی و عملی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے ہدایت کی کہ جاری انسداد پولیو مہم کے دوران مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ مہم کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں پر زور دیا کہ وہ مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک پولیو سے بچاؤ کے قطرے پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع ٹھٹھہ کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

مزید خبریں

Back to top button