تھائی لینڈ میں سونے کی تجارت پر شکنجہ، آن لائن اور فزیکل گولڈ کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ

بینکاک (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی حکومت نے منی لانڈرنگ، فراڈ اور دیگر مالی جرائم کے خطرات کم کرنے کے لیے سونے کی تجارت کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

بلومبرگ کے مطابق تھائی وزارتِ خزانہ، بینک آف تھائی لینڈ کے تعاون سے ایسی قانون سازی پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے گولڈ مارکیٹ میں نگرانی کا نظام مضبوط اور لین دین میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔

وزارتِ خزانہ کے ترجمان اور فِسکل پالیسی آفس کے ڈائریکٹر جنرل وینیت ویزسوواناپوم کے مطابق حکومت سونے کی تجارت کے شعبے کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مجوزہ قانون سازی میں آن لائن گولڈ ٹریڈنگ اور فزیکل گولڈ بلین کی خرید و فروخت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ سونے کے کاروبار کو غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکا جاسکے۔

حکام کے مطابق گولڈ مارکیٹ میں مؤثر نگرانی سے منی لانڈرنگ، دھوکا دہی اور دیگر مالی جرائم کے خطرات محدود کرنے میں مدد ملے گی۔

وزارتِ خزانہ اور مرکزی بینک کی جانب سے قانون سازی پر کام جاری ہے، تاہم نئے ضوابط کی حتمی تفصیلات اور ان کے نفاذ کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button