وزیراعظم نے کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل پر نظرثانی کیلئے کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل پر نظرثانی کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔

وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کریں گے، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، احد خان چیمہ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

کمیٹی میں اٹارنی جنرل منصور اعوان اور قانون و آئی ٹی شعبے کے ماہرین بھی شامل کئے گئے ہیں۔

کمیٹی سیکشن 2 میں رائٹ آف وے فریم ورک پرنظرثانی کرے گی، کمیٹی ٹیلی کمیونیکیشن تنصیبات، نجی زمین سے متعلق رائٹ آف وے پرتجاویزپیش کرے گی، وزیراعظم نے کمیٹی کو بل پر جلد نظر ثانی کرکے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل منظورکرلیا ہے جس کے بعد یہ بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ترمیمی بل کے مطابق نجی جائیداد کے مالکان اور سرکاری ادارے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کے لیے جگہ دینے کے پابند ہوں گے۔

موبائل فون یا ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کو آپٹیکل فائبر بچھانے یا ٹاور لگانے کے لیے جگہ نہ دینے والے نجی گھر کے مالک، کرائے دار یا عوامی و نجی ادارے پر 5 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔

اس بل پر سیاسی و عوامی سطح پر شدید تنقید ہوئی ہے، اسے عوامی حقوق پر ڈاکہ زنی قرار دیا گیا جس پر وزیراعظم نے نظرثانی کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button