اوکاڑہ میں زیر تعمیر سڑک پر افسوسناک حادثہ، گہرے گڑھے میں گرنے سے طالب علم جاں بحق

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے) ستگھرہ گوگیرہ روڈ پر زیر تعمیر سڑک پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار طالب علم جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سوار طالب علم حمزہ سعید ولد محمد سعید زیر تعمیر سڑک پر گہرے گڑھے میں گر گیا، جسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ سڑک پر تعمیراتی کام جاری تھا لیکن ٹھیکیدار کی جانب سے حفاظتی بورڈز، انتباہی اشارے یا وارننگ بینرز نصب نہیں کیے گئے تھے، جس کے باعث حادثات کے خدشات بڑھ گئے تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق چند روز قبل بھی اسی سڑک پر اسی نوعیت کا ایک حادثہ پیش آ چکا ہے جس میں ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔

مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق حمزہ اپنے غریب والدین کا اکلوتا سہارا تھا، جس کی اچانک موت سے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔

اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زیر تعمیر سڑک پر فوری طور پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button