سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام’’معرکہ حق‘‘ کتاب کی رونمائی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز (سی آئی ایس ایس) اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’مارکۂ حق ‘‘ کے عنوان سے کتاب کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں ماہرین، سفارتکاروں، عسکری حکام اور دانشوروں نے جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
تقریب کا انعقاد آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔ مقررین نے خبردار کیا کہ تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی، غلط معلومات کی مہمات، حل طلب تنازعات اور بھارت کی جانب سے محدود جنگ کے نظریے کو فروغ دینے کی کوششوں کے باعث خطے میں اسٹریٹجک استحکام کمزور ہو رہا ہے۔
سی آئی ایس ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سفیر علی سرور نقوی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور اشتعال انگیز حکمت عملی نے جنوبی ایشیا کے تزویراتی ماحول کو غیر مستحکم بنا دیا ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی، مسلسل مذاکرات اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا۔
کتاب کے مدیر اور بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر خان نے کہا کہ کتاب میں جنوبی ایشیا میں دباؤ، دفاعی توازن اور بحرانوں کے بدلتے رجحانات کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کے تحمل اور بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں روایتی عسکری طاقت کے ساتھ ہائبرڈ وارفیئر، سائبر صلاحیتوں اور بیانیے کی جنگ پر مشتمل ہوں گی، اس لیے ادارہ جاتی تیاری اور اسٹریٹجک بصیرت ناگزیر ہے۔
دیگر مقررین نے بھی جنوبی ایشیا میں بڑھتی عسکریت، ہائبرڈ جنگ، سرحد پار دہشت گردی، کشمیر تنازع اور پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے جیسے مسائل کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔
پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے اختتامی خطاب میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دانشورانہ مباحث، علاقائی تعاون اور دانشمندانہ حکمت عملی ناگزیر ہے، جبکہ تھنک ٹینکس اور جامعات کو پالیسی سازی میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب میں سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، طلبہ، سول و عسکری حکام اور غیر ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی اور جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔



