ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کھلی کچہری میں کئی معاملات نمٹادیئے

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی جانو/ڈاٹ پی کے)ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے مختیارکار آفس ماتلی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہری شکایات پر سخت اور واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے متعدد معاملات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جس سے اجلاس میں سنجیدہ اور متحرک ماحول دیکھا گیا۔ کھلی کچہری میں ماتلی اور گردونواح سے آئے شہریوں نے پولیس رویے، منشیات فروشی، چوری و ڈکیتی، ٹریفک مسائل، تجاوزات، زمینی تنازعات اور دیگر شکایات تفصیل سے پیش کیں۔ ایس ایس پی بدین نے بعض شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں جبکہ کئی معاملات پر سخت نگرانی اور غیرجانبدار انکوائری کا حکم بھی دیا، جس پر اجلاس میں موجود شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو اپنے فرائض دیانتداری اور قانون کے مطابق انجام دینا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ عوامی مسائل کا عملی حل اور پولیس پر اعتماد کی بحالی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتے رجحان کے خلاف متحرک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناسور معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے، جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایس ایس پی بدین نے سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ معلومات کی ترسیل پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں معاشرتی انتشار کا باعث بنتی ہیں، اس لیے ہر خبر کی تصدیق ضروری ہے۔ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی ماتلی طارق لطیف خانزادہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی حاجی رضوان احمد قائم خانی، تاجر کمیٹی کے رہنما سیٹھ مرچومل، انچارج سی آئی اے بدین سب انسپکٹر گل حسن لغاری، ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان، صحافی برادری، معززین شہر اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ ایم ارگدی



