پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب، ہندو مندر گرانے کا الزام جھوٹا اور سیاسی پروپیگنڈا قرار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان نے نارووال کے علاقے اڈہ سراج میں ہندو مندر کو مبینہ طور پر مسمار کیے جانے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، گمراہ کن اور سیاسی مقاصد پر مبنی پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے بھارتی دعوؤں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ اڈہ سراج میں واقع ہندو مندر کی عمارت 21 جولائی کو ہونے والی شدید بارشوں سے متاثر ہوئی تھی، جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق نارووال کے مقامی حکام نے متاثرہ مندر کا معائنہ کیا اور عمارت کو بارش سے پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد مندر کی بحالی اور ضروری مرمت کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے مندر سے متعلق کیے گئے دعوے سراسر جھوٹے ہیں اور ان کا مقصد حقائق کو مسخ کرکے پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر سستی سیاسی چالوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے، تاہم حقائق کو مسخ کرنے سے بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں پر حملوں کا ریکارڈ انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ہندوتوا نظریے کو بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی قیادت کو ملک میں مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
پاکستان نے واضح کردیا کہ جھوٹے الزامات اور پروپیگنڈا مہمات کے ذریعے حقائق نہیں بدلے جا سکتے اور بھارت کو اپنے اندر اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کا جواب دینا ہوگا۔



