بدین: پیپلز پارٹی رہنماؤں کی AI ویڈیوز اور سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی مذمت، قانونی کارروائی کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی بدین سٹی کے صدر محمد یعقوب سومرو، جنرل سیکریٹری اصغر ملاح اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری اعجاز خواجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں ایک مخصوص گروہ کی جانب سے بدین کے منتخب نمائندوں، ایم این اے حاجی رسول بخش چانڈیو اور ایم پی اے تاج محمد ملاح کے خلاف سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے ٹک ٹاک پر نازیبا نوعیت کی ویڈیوز اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ عناصر منتخب نمائندوں کی ذاتی اور سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش اور سازش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حاجی رسول بخش چانڈیو اور حاجی تاج محمد ملاح نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سندھ حکومت کی منظوری سے جاری ہونے والے فنڈز کے ذریعے بدین شہر سمیت اپنے حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ بدین شہر میں ایک ارب روپے سے زائد لاگت سے پکی گلیوں اور سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے، جبکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے اللہ والا چوک سے قاضیہ واہ پل تک پیور بلاک روڈ کی تعمیر کی اسکیم بھی منظور کرائی گئی ہے۔ انہی ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے منتخب نمائندوں کو عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جو بعض لوگوں سے برداشت نہیں ہو رہی، لہٰذا وہ اس قسم کی گھٹیا حرکات پر اتر آئے ہیں انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ جعلی آئی ڈیز کے ذریعے عوام کے منتخب نمائندوں کی تضحیک اور کردار کشی کرنے والے ماسٹر مائنڈ گروہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے



