شکار پور پولیس کا کچے میں آپریشن، پشاور سے اغوا کی گئی لڑکی بازیاب، 2 ڈاکو ہلاک

شکار پور(جانوڈاٹ پی کے)شکار پور پولیس نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کر کے پشاور سے اغوا کی گئی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ کارروائی کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مغویہ 11 سالہ حورم سعید پٹھان کو پولیس نے بحفاظت بازیاب کرالیا ہے اورآپریشن کے دوران مرکزی ڈاکو عبدالوحید عرف ملا سمیت دو ڈاکو ہلاک ہوگئے ہیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کامیاب آپریشن پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکار پور محمد کلیم ملک اور آپریشن میں حصہ لینے والی پوری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ نے پشاور سے تعلق رکھنے والی 11 سالہ بچی حورم سعید پٹھان کے اغوا سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور کو بچی کی باحفاظت بازیابی کی ہدایت جاری کی تھی جس پر شکار پور میں کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں دو روز قبل آپریشن کا آغآز کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ آپریشن کے نتیجے میں 22 مئی کو لاہور کی رہائشی نوکری کے جھانسے میں اغوا ہونے والی لڑکی جنیفر عامر مسیح جبکہ 23 مئی کو پشاور سے تعلق رکھنے والی حورم سعید پٹھان کو پولیس نے باحفاظت بازیاب کرالیا اور آپریشن کے دوران دو اغوا کار ڈاکو عبدالوحیدعرف ملا اور یاسین بنگلانی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں نے بہادری، پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغوی بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا جو قابل تحسین اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکارپور پولیس اور آپریشن میں شریک افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر معصوم بچیوں کو بازیاب کیا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سندھ پولیس کے آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button