اسپیکر سندھ اسمبلی کی زیرِ صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس،اساتذہ کی بھرتیوں اور ویٹنگ لسٹ امیدواروں کے حوالے سے اہم فیصلے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی زیرِ صدارت اساتذہ کی بھرتیوں، ویٹنگ لسٹ اور پالیسی امور سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس سندھ اسمبلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ، قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی، اراکین سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، تنزیلہ ام حبیبہ، محمد شبیر قریشی، محمد راشد خان اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کمیٹی کو پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی، کی ویٹنگ لسٹ اور جونیئر سائنس ٹیچرز اور ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کے ٹیسٹ نتائج کے مطابق بھرتیوں اور سندھ ہائی کورٹ کے متعلقہ فیصلوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام اور ان پر مکمل عملدرآمد تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سیکریٹری محکمہ قانون سے استفسار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا یا تمام ویٹنگ امیدواروں پر، اس ضمن میں محکمہ قانون کورٹ فیصلہ کے سلسلے میں قانونی رائے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی مشترکہ خواہش ہے کہ تمام اہل امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر مناسب ریلیف فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں ویٹنگ لسٹ سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے تجویز دی کہ قانونی تقاضوں اور خالی آسامیوں کی دستیابی سے مشروط کرتے ہوئے ویٹنگ لسٹ کے خاتمے اور اہل امیدواروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔
بعد ازاں کمیٹی نے ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کی بھرتیوں کا معاملہ زیر غور لایا گیا۔ اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے تجویز پیش کی کہ اہلیت کے معیار سے متعلق تمام قانونی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل امیدواروں، بالخصوص خواتین امیدواروں، کو میرٹ اور قانون کے مطابق ریلیف دیا جا سکے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سندھ سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی ویٹنگ امیدواروں سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے محکمہ قانون سے تفصیلی قانونی رائے (لیگل اوپینین) حاصل کی جائے گی۔
کمیٹی نے مزید فیصلہ کیا کہ اسکولوں میں سائنس ایجوکیشن کے فروغ کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے جونیئر سائنس ٹیچرز کے لیے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے تمام امیدواروں کو بھرتی کیا جائے گا، یہ بھرتیاں پہلے سے مقررہ پاسنگ کریٹیریا یعنی 55 مارکس لینے والوں کی کی جائیں گی، اسی طرح ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کے لیے بھی مقررہ پاسنگ مارکس کے تحت کامیاب امیدواروں کو فوری تقرری آرڈرز جاری کیے جائیں گے، جبکہ باقی ماندہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل آئندہ تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے اعلان کیا کہ خصوصی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 5 اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی زیرِ صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس، اساتذہ کی بھرتیوں اور ویٹنگ لسٹ امیدواروں کے حوالے سے اہم فیصلے
کراچی، 10 جولائی 2026، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی زیرِ صدارت اساتذہ کی بھرتیوں، ویٹنگ لسٹ اور پالیسی امور سے متعلق خصوصی کمیٹی کا… pic.twitter.com/lA0edx6VaF
— Minister Education & Literacy Government of Sindh (@MinisterEduGos) July 10, 2026



