پاکستانی شوٹر گلفام جوزف رائفل شوٹنگ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گئے

میونخ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز شوٹر گلفام جوزف نے رائفل شوٹنگ ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
10 میٹر ائیر پسٹل ایونٹ میں گلفام جوزف نے ٹاپ 8 میں جگہ بنا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دنیا بھر سے 142 شوٹرز نے حصہ لیا۔
گلفام جوزف نے مسلسل عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی سیریز میں 96، دوسری میں 97 جبکہ تیسری سیریز میں 99 پوائنٹس حاصل کیے۔ چوتھی سیریز میں انہوں نے 98، پانچویں میں 97 اور چھٹی سیریز میں 96 پوائنٹس سکور کیے۔
پاکستانی شوٹر نے مجموعی طور پر 583 پوائنٹس حاصل کیے، جس کے ساتھ انہوں نے ایشین گیمز کے مقامی کرائٹیریا پر بھی کامیابی حاصل کر لی۔
قومی کھیلوں کے حلقوں نے گلفام جوزف کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ فائنل راؤنڈ میں بھی پاکستان کیلئے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔



