وزیراعظم سے محسن نقوی کی ملاقات، پی ایس ایل فائنل کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں جاری سیکیورٹی صورتحال، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو میچ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامی تیاریوں سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے کھلاڑیوں، شائقین اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بہترین اور فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ ایونٹ پرامن اور کامیاب انداز میں منعقد ہو سکے۔



