عاشورہ پر مثالی امن و امان، وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جلوسوں و مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزارتِ داخلہ، سیکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر بہترین انتظامات اور مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت کے باعث عاشورہ کی تمام سرگرمیاں اللہ کے فضل و کرم سے پُرامن ماحول میں مکمل ہوئیں۔
شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ تمام وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور ان کی کابینہ نے بھی بہترین انتظامات اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے، جو قابلِ تعریف ہیں۔



