"قیامت 2024 میں آ گئی تھی”، شرجیل میمن کا مریم نواز کو جواب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی۔ سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "قیامت 2024 میں آ گئی تھی”، جبکہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی جوابی وار کیا۔
شرجیل انعام میمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مریم نواز کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ "یہ آپ نہیں، فارم 47 کا نشہ بول رہا ہے۔ قیامت 2024 میں آ گئی تھی، جب خیرات کے مینڈیٹ بانٹے جا رہے تھے۔”
یہ آپ نہیں فارم ۴۷ کا نشا بول رہا ہے۔ قیامت ۲۰۲۴ میں آ گئی تھی ، جب خیرات مین منڈیٹ بٹ رہے تہے۔ https://t.co/8wvMsxtyLc
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) July 29, 2026
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ "پیپلز پارٹی، جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، آج خود دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔” انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا تھا، "قیامت کتنے بجے ہے؟”
مریم نواز نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ اگر مخالفین کے پاس کارکردگی، بہتر گورننس اور عوامی ایجنڈا ہوتا تو وہ دوسروں پر تنقید میں وقت ضائع نہ کرتے۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی شرجیل میمن کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "اچھا واقعی! تبھی سندھ چوتھی مرتبہ بلیک میل کرکے لیا گیا؟”
انہوں نے مزید کہا کہ "تب قیامت نہیں آئی جب اپنے حلقے کی نشست کے لیے مخالف امیدوار غائب کیے گئے؟ یا جب سندھ میں بلدیاتی انتخابات چوری کیے گئے؟”
عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 سال سے "قومی مفاد” کے نام پر بلیک میلنگ کے ذریعے سندھ پر قابض ہے اور خود کو جمہوریت کا علمبردار ظاہر کرتی ہے۔



