بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق پمز اسپتال انتظامیہ کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

   پمز اسپتال کے اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے پمز اسپتال لایا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے 2  ماہرین نےعمران خان کے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا۔

پمز اسپتال کے اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے دیگر طبی معائنےکے لیے پمز کے متعلقہ ماہرین نے حصہ لیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ امراضِ چشم کے معائنے سے حاصل ہونے والی طبی رائے کو دیگر طبی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ مدِنظر رکھا گیا۔پمزکے ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے طبی فٹنس رپورٹ کو حتمی شکل دی۔

پمز اسپتال کے اعلامیے کے مطابق پمز مریض کی رازداری، سپریم کورٹ کی ہدایات کے پیشِ نظر طبی رپورٹ کے کانفیڈینشل مندرجات ظاہر نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ تین روز قبل سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو میڈیکل چیک اپ کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کا مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔

تاہم گزشتہ شب حکومت نے عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور پھر رات دیر گئے انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button