شادمان حادثہ: ٹریفک اسسٹنٹ معطل، واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں، ترجمان ٹریفک پولیس

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شادمان کے علاقے میں بغیر ہیلمٹ تیز رفتار موٹرسائیکل سوار شہری زین کے ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرانے اور بعد ازاں جاں بحق ہونے کے واقعے کی انکوائری جاری ہے، جبکہ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو پہلے ہی معطل کردیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 26 اگست کو ٹریفک اسسٹنٹ نے شادمان میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار زین کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم وہ رکنے کے بجائے آگے نکلنے کی کوشش میں ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق سے جا ٹکرایا۔
حادثے میں سلطان الحق اور زین دونوں زخمی ہوئے اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق زین پانچ روز تک سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا، جبکہ ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے زین کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہری کی افسوسناک موت پر متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی ہوگی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے، جبکہ ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان واقعے کی انکوائری کر رہے ہیں۔ واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ جلد آئی جی پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔



