برطانوی ہوم سیکرٹری کا ایران پر یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنانے کا الزام

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے کہا ہے کہ برطانیہ کو ایران کی جانب سے سنگین نوعیت کے متعدد خطرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے یہ بات مانچسٹر کی یہودی کمیونٹی کے خلاف مبینہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 2 ایرانی شہریوں پر فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد کہی ہے۔
شبانہ محمود کا کہنا تھا کہ تہران کی حکومت برطانیہ میں موجود یہودی برادری کو نشانہ بناتی ہے اور بیرونِ ملک اپنے ناقدین کو خاموش کرانے کی کوشش کرتی ہے اور ایران اپنی مداخلت کو چھپانے کے لیے پراکسی گروہوں اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا استعمال کرتا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے مطابق مانچسٹر میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیے گئے 36 سالہ سلام احمدیان اور 34 سالہ رحمان صالحی کے بارے میں تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مبینہ سازش کے سلسلے میں ان کے ایسے تیسرے فریق سے رابطے تھے جو ممکنہ طور پر ایران میں موجود ہو سکتے ہیں۔
شبانہ محمود کے مطابق گرفتار افراد میں سے ایک 2020ء جبکہ دوسرا 2023ء میں چھوٹی کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا، ایک شخص کو پناہ دے دی گئی تھی جبکہ دوسرے کی پناہ کی درخواست زیرِ غور ہے۔
دوسری جانب ریفارم یوکے کے رہنما نائیجل فراج نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سرحدوں پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور حکومت اپنی کمیونٹیز میں دہشت اور خوف کو جنم دینے والے عوامل سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہوم سیکرٹری ان کے مؤقف سے اختلاف کرتی ہیں تو انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔



