پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں بڑا دھچکا، سردار تنویر الیاس نے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کر دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ گزشتہ تین روز کے دوران پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت، گورنر پنجاب، گورنر خیبرپختونخوا، چوہدری ریاض اور دیگر رہنماؤں نے انہیں پارٹی میں برقرار رکھنے اور اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی، تاہم یہ کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کے باعث سردار تنویر الیاس نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے حلقہ وسطی باغ، پاچھیوٹ اور نیلم سے پارٹی ٹکٹ کے لیے پارلیمانی بورڈ کو درخواستیں دی تھیں۔

ادھر وزیر حکومت علی شان سونی نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے، جبکہ سردار تنویر الیاس اپنے سیاسی ساتھیوں سمیت پارٹی سے الگ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس آئندہ دو روز میں اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ استحکام پاکستان پارٹی (IPP) میں شمولیت اختیار کریں یا آزاد حیثیت میں ایک بڑے سیاسی گروپ کی قیادت کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیں۔

سردار تنویر الیاس کے ترجمان نے بھی ان کے پیپلز پارٹی سے استعفے کی تصدیق کر دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button