سوات میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیع اللہ قتل

سوات(جانوڈاٹ پی کے) ضلع سوات کے علاقے مٹہ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیع اللہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مٹہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بننے سے سمیع اللہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک شخص زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر جائیداد کے تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں ملک میں سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے قبل سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئے تھے۔



