ڈانس شوٹ کے دوران سلمان خان کا مزاح، ورن دھون بھی ہنس پڑے

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اور ورن دھون کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سلمان خان، ورون کے ڈانس پر مزاحیہ کمنٹس کررہے ہیں۔

ورون دھون ان دنوں اپنی نئی فلم ’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کا گانا ’’ویاہ کروا دو جی‘‘ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے۔ اسی گانے کی شوٹنگ کے دوران ایک دلچسپ لمحہ کیمرے میں قید ہوگیا، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ورون دھون اپنی پرفارمنس مکمل کرنے کے بعد سلمان خان کے پاس آتے ہیں تاکہ ان سے رائے لے سکیں۔ اس موقع پر سلمان خان نے روایتی انداز میں چٹکی لیتے ہوئے پوچھا، ’’یہ ریہرسل تھی یا اصلی شاٹ؟‘‘ بس پھر کیا تھا، یہ جملہ سنتے ہی سیٹ پر قہقہے گونج اٹھے، اور خود ہدایتکار ڈیوڈ دھون بھی ہنسی نہ روک سکے۔

ورون دھون نے اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بھی مزاح کا رنگ بھرا اور لکھا کہ بھارت کے سب سے بڑے کنوارے کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ہمیشہ گھبراہٹ ہوتی ہے۔

گانے میں ورون کے ساتھ اداکارہ مرونال ٹھاکر بھی جلوہ گر ہیں، جبکہ اسے گلوکار مکا سنگھ اور آشیش کور نے اپنی آواز دی ہے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب پسند کی جا رہی ہے اور مداح سلمان خان کے ہلکے پھلکے طنز اور دوستانہ انداز کو بھرپور انداز میں سراہ رہے ہیں، جو ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ بالی ووڈ کے سیٹ پر بھی ہنسی مذاق کا رنگ کبھی پھیکا نہیں پڑتا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by VarunDhawan (@varundvn)

مزید خبریں

Back to top button