سجل علی کے کورین مداح بھی دیوانے، شادی کا سن کر ’دل ٹوٹنے‘ کے دعوے وائرل

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کی مقبولیت اب صرف پاکستان تک محدود نہیں رہی بلکہ جنوبی کوریا میں بھی ان کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

کورین مداح سجل علی کو محبت سے ’سجل اونی (Sajal Unnie)‘ اور ’یون دن (Yoon-din)‘ جیسے دلچسپ ناموں سے پکارتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اداکارہ اس وقت کورین سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں جب ایک کورین مداح کو پہلی بار ان کی سابقہ شادی کے بارے میں معلوم ہوا۔

کورین مداح نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “کیا سجل علی شادی شدہ تھیں؟ یہ جان کر تو مجھے ایسا لگا جیسے میری دنیا تباہ ہو گئی۔”

اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد دیگر کورین مداحوں نے بھی دلچسپ تبصرے کیے اور بیشتر صارفین نے سجل علی کی شادی کے بارے میں جان کر حیرانی ظاہر کی۔

دوسری جانب پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی اس ردعمل پر حیران دکھائی دیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ “کیا کوریا میں بھی سجل علی کے اتنے مداح ہیں؟” جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ “انٹرنیٹ نے دنیا بھر کے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے۔”

واضح رہے کہ سجل علی نے اداکار احد رضا میر سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کے درمیان 2022 میں طلاق ہو گئی تھی۔ حالیہ عرصے میں سجل علی اور حمزہ سہیل کے درمیان ممکنہ قربت اور شادی کی افواہیں بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button