صبا فیصل کے شوہروں کے بارے میں متنازع بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل اپنے متنازع بیان کے سبب ایک مرتبہ پھر تنقید کی زد میں ہیں۔

گزشتہ مہینوں میں اداکارہ کے کچھ کلپس سوشل میڈیا کی زینت بنتے رہے ہیں جس میں وہ گھریلو مسئلوں خاص طور پر لڑکیوں کے سُسرال میں رہنے کے طریقوں پر بات چیت کر رہی تھیں، اپنے بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اب ایک بار پھر صبا فیصل نے حالیہ انٹرویو میں شوہروں کے بیویوں کے علاوہ دیگر خواتین سے تعلقات پر  تبصرہ کیا۔

اداکارہ نے کہا ‘مجھے لگتا ہے مردوں کا ذہن بن جاتا ہے کہ اگر پیسہ ہے اور بیوی گھر پر ہے تو باہر مجھے ایک اور خاتون چاہیے’۔

صبا فیصل نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ‘میں ان بیویوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ آپ ان کے بچوں کی ماں ہیں، آپ آرام سے بیٹھیں، وہ مرد جہاں بھی جائے گا واپس آپ کے پاس گھر ہی آئے گا’۔

ساتھ ہی اداکارہ نے اپنے شوہر کا قصہ بھی بیان کیا اور بتایا ‘میرے شوہر نوکری کرتے تھے تو ایک دن میں انہیں ان کے آفس لینے گئی، میں نے آفس پہنچ کر ریسیپشنسٹ خاتون کو کہا کہ فیصل کو بُلا دیں،  جس پر اس نے مجھے سے پوچھا کہ میں کون ہوں؟’

بات جاری رکھتے ہوئے صبا فیصل نے کہا ‘میں نے جواب دیا کہ ان کی اہلیہ ہوں تو اس سے مجھے عجیب انداز سے دیکھا، دوسرے دن جب فیصل آفس سے گھر آئے تو انہوں نے مجھ سے پوچھا تم نے اس لڑکی سے کیا کہا تھا؟ اس نے ریزائن کردیا ہے’۔

اداکارہ نے کہا ‘میں نے تو کچھ بھی نہیں کہا تھا، کیوں آپ کا چکر چل رہا تھا؟ جس پر شوہر نے کہا کہ وہ اپنے طور  پر چلا رہی تھی، جس پر میں نے کہا جسے پتہ چلے گا کہ میں فیصل کی بیوی ہوں، وہ خود راستے سے ہٹ جائے گی’۔

صبا فیصل کے اس انٹرویو کے کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس پر صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں اس قسم کی غیر اخلاقی گفتگو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button