ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ تشویشناک، عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، روس

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے ایران کے دارخوین جوہری منصوبے پر امریکی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ جوہری تنصیبات کو فوجی اہداف بنانا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، جس کے خطے اور عالمی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) اس واقعے کا غیرجانبدارانہ اور شفاف جائزہ لے تاکہ حقائق دنیا کے سامنے آ سکیں۔
ماریا زخارووا کا کہنا تھا کہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو بنیاد بنا کر خونریزی یا فوجی کارروائیوں کا جواز پیدا کرنا نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سمیت تمام غیر جوہری ممالک کو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہے، اور کسی بھی ملک کے پرامن جوہری پروگرام کو بیرونی دباؤ یا فوجی طاقت کے ذریعے محدود نہیں کیا جا سکتا۔
روسی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور تنازع کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جائے۔



