بدین: گاؤں مٹھو خان رند کے مکینوں کا اسکول اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)لواری شریف کے قریب واقع گاؤں مٹھو خان رند کے رہائشی اسکول اور دیگر بنیادی سہولیات سے محرومی کے خلاف شہید بینظیر بھٹو کی مزار پر احتجاج کرنے کی وارننگ دے دی تفصیلات کے مطابق یونین کونسل لواری شریف کے گاؤں مٹھو خان رند کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ گاؤں میں اسکول، ڈسپنسری اور دیگر ضروری سہولیات نہ ہونے کے خلاف رہائشیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا رہائشیوں انور علی رند، محمد حنیف رند، خالد حسین رند، محمد رفیق رند اور دیگر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک کمرے پر مشتمل کچا جھونپڑی نما اسکول قائم کیا تھا، جسے تاحال پکا نہیں کیا گیا اور نہ ہی مزید کمرے تعمیر کیے گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ اس وقت گاؤں کے 80 سے زائد طلبہ و طالبات ایک ہی استاد کے ساتھ اسی جھونپڑی میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، مگر اسکول کو پکا کرنے اور مزید اساتذہ مقرر کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہیں رہائشیوں نے مزید کہا کہ اسکول کے علاوہ بھی وہ دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، ایم این اے حاجی رسول بخش چانڈیو، ایم پی اے تاج محمد ملاح اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی سے مطالبہ کیا کہ گاؤں مٹھو خان رند کے اسکول کو پکا کر کے مزید کمرے اور اساتذہ فراہم کیے جائیں اور دیگر بنیادی سہولیات بھی مہیا کی جائیں تاکہ گاؤں والوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے بصورت دیگر گائوں کے رہائشی شہید بینظیر بھٹو کی مزار پر علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔



