مس یونیورس پاکستان روما ریاض کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سال 2025 میں مس یونیورس پاکستان کا تاج پہننے والی روما ریاض اس سال کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔
روما ریاض کا تعلق پاکستان کی مسیحی برادری سے ہے اور وہ ایک پنجابی پاکستانی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے روما ریاض نے تصدیق کی کہ وہ کانز فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گی اور ساتھ ہی ایکسپیڈیشن گالا کی میزبانی بھی کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس عالمی فلمی میلے میں پاکستان کی نمائندگی پر فخر محسوس کررہی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی پہلی مس یونیورس ایریکا رابن نے 2024 میں کانز فلم فیسٹیول میں ڈبیوکیا تھا۔
جہاں انہوں نے ریڈ کارپٹ کے ساتھ Coralie Fargeat کی فلم ’دا سبسٹینس‘ کے پریمئیر پر شرکت کی تھی۔
سال 2025 مس یونیورس پاکستان 2 بننے والی روما ریاض رواں سال کانز میں شرکت کیلئے جارہی ہیں جہاں وہ مختلف فیشن ڈزائنرز کے ملبوسات میں نظر آئیں گی۔
البتہ اس بارے میں روما نے کہا کہ انہوں نے کون سے ڈیزائنرز کا انتخاب کیا ہے یہ جلد ہی سب کو پتہ چل جائے گا۔
فرانس میں منعقد ہونے والا 78واں کانز فلم فیسٹیول 12 مئی سے 23 مئی تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے منتخب فلموں کی نمائش کی جائے گی۔



